Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
18اکتوبر1997
قرآن کے مطالعہ اور ذاتی تجربہ کی روشنی میں میں نے سمجھا ہے کہ انسان کا اصل مرض کبر ہے۔ ہر آدمی انا خیر منہ کی نفسیات میں جیتا ہے۔ میں دوسروں سے بہتر ہوں۔ میری رائے درست ہے۔ میں نے جو کچھ کہا یاکیا وہ ٹھیک تھا۔ یہی وہ نفسیات ہے جس میں ہر آدمی جیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ آدمی اپنی غلطی کی اعتراف نہیں کرتا۔ وہ ہر معاملہ کو فوراً وقار کا مسئلہ بنالیتا ہے۔
قرآن و حدیث کے مطابق، صحیح انسان وہ ہے جو نرمی اور تواضع والا انسان ہو۔ جو اکڑسے خالی ہو، جو کسی معاملہ کو عزت کا مسئلہ نہ بنائے ، جس کا یہ حال ہو کہ حق کو ماننے میں کوئی چیز اس کے لیے رکاوٹ نہ بنے۔ حق کے سامنے آتے ہی وہ اس طرح جھک جائے جس طرح ہوا کے آتے ہی درخت کی شاخ جھک جاتی ہے۔