Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
17جولائی1997
یہ ایک عام مشاہدہ ہے کہ موجودہ زمانہ کے مسلمانوں میں کوئی بڑاکام نہیں ہوپاتا۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بڑا کام انجام پانے کے لیے بہت سے انسانوں کی مشترک جدوجہد ضروری ہوتی ہے۔ عام طور پر لوگوں کا حال یہ ہے کہ وہ سلف انٹرسٹ یا سلف گلوری میں جی رہے ہیں۔ جب بھی کوئی بڑا کام بہت سے لوگوں کے اشتراک سے کیا جاتا ہے تو ہمیشہ ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص نمایاں ہوجاتا ہے اور دوسرے لوگ بیک گراؤنڈ میں چلے جاتے ہیں۔ اب جو لوگ بیک گراؤنڈ میں ہوتے ہیں وہ سوچنے لگتے ہیں کہ اس مشترک جدوجہد میں ہم کو کیا ملا۔ سارا فائدہ تو فلاں شخص کے حصہ میں چلاجارہا ہے۔ جو لوگ سلف انٹرسٹ یا سلف گلوری میں جی رہے ہیں انہیں اس میں تسکین نہیں ملتی۔ چنانچہ وہ یا تو پہلے ہی سے مشترک جدوجہد میں نہیں جڑتے یا اگر جڑجاتے ہیں تو پھر دھیرے دھیرے اس سے کٹ جاتے ہیں۔
بڑاکام صرف وہ لوگ کرسکتے ہیں جو سچائی کو اپنا کنسرن بنائیں نہ کہ اپنی ذات کوجو سچائی کی گلوری میں اپنی گلوری دیکھیں۔ اپنی دات سے اوپر اٹھ کر حقیقت اعلیٰ میں جینے لگے ہوں۔ ایسے ہی لوگ کسی مشترک جدوجہد میں آخر وقت تک جڑتے ہیں اور ویسے ہی لوگ کوئی بڑا کام کرنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں۔