Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
22اپریل1997
انسائیکلوپیڈیا برٹانکا(1984)میں ’’قرآن‘‘ کے اوپر ایک مفصل مقالمہ ہے۔ یہ مقالمہ پروفیسر ہلمر رنگرین (Helmer Ringgrion)کے قلم سے ہے۔ مقالمہ میں جو باتیں کہی گئی ہیں ان میں سے ایک مقالمہ نگار کے الفاظ میں یہ ہے کہ اس میں شک نہیں کہ پیغمبر اسلام کو سنجیدگی کے ساتھ یہ یقین تھا کہ ان تمام مواقع پران کو خدا کا کلام پہنچاتھا:
Then is no doubt of the Prophet's sincere comiction that he had received the word of God on every occasion (15/343)
مقالمہ نگار کے لیے اپنے سائنٹفک نقطۂ نظر کی بناپر یہ یقین کرنا مشکل تھا کہ محمد خدا کے پیغمبر تھے۔ آپ کو پیغمبر ماننے کے لیے اس کو یہ ماننا پڑتا تھا کہ خدا اور محمدؐ کے درمیان غیر مرئی خبررسانی کا سلسلہ قائم تھا۔ جو کہ اس کے موضوعیت پسند ذہن کے لیے ناقابل فہم تھا۔ دوسری طرف اس کا مسئلہ یہ تھا کہ محمدؐ کی زندگی بتاتی تھی کہ وہ انتہائی حد تک سنجیدہ دیانت دار اور راست گو تھے۔ ایسی حالت میں وہ آپ کے دعویٰ کی تکذیب بھی نہیں کرسکتا تھا۔ اس دو طرفہ شکل کا حل اس نے یہ نکالا ہے کہ اصل دعویٰ کو الگ رکھتے ہوئے وہ یہ کہے کہ جہاں تک محمدؐ کے ذاتی احساس کا تعلق ہے وہ اپنے بیان میں پوری طرح سنجیدہ تھے۔