Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
2اگست 1997
خواجہ کلیم الدین صاحب (ایم ایس سی) حیدرآباد میں پیدا ہوئے۔ ایک عرصہ سے وہ نیویارک میں رہتے ہیں۔ وہ31جولائی کو دہلی آئے تھے اور آج واپس گئے۔ ان سے میں نے کہا کہ میں نے کئی بار امریکہ کا سفر کیا ہے امریکہ میں6ملین مسلمان رہتے ہیں۔ اپنے سفروں میں بہت سے مسلمانوں کے بارے میں مجھے براہ راست یا بالواسطہ معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ میں نے پایا کہ یہ مسلمان امریکہ میں رہتے ہیں مگر سب کے سب امریکہ کی برائی کرتے ہیں۔ اس میں صرف دو آدمیوں کا استثناء ہے۔ ایک آپ، اور دوسرے مسٹر صغیراسلم۔ کلیم الدین صاحب نے کہا کہ میں بھی کسی تیسرے آدمی کو نہیں جانتا۔ میں تقریباً دس سال سے امریکہ میں رہ رہا ہوں۔ مگر جن مسلمانوں سے بھی میرا رابطہ ہوا سب کو امریکہ کے بارے میں برائی کرتے ہوئے پایا۔
میں نے کہا کہ یہی حالت ہندوستان کی ہے۔ یہاں تقریباً15کروڑ مسلمان بستے ہیں مگر آج تک میں نے کسی مسلمان کو نہیں پایا جس کے دل میں ہندوؤں کے خلاف شکایت کا جذبہ بھرا ہوا نہ ہو۔ میرے خیال سے اس کی وجہ یہ ہے کہ مسلمانوں سے شکر کا جذبہ اٹھ گیا ہے۔ جب کسی قوم میں شکر کا جذبہ باقی نہ رہے تو اس کا یہی حال ہوجاتا ہے۔