Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
6مئی1997
قرآن و حدیث کے مطالعہ کے بعد جب مجھ پر یہ کھلا کہ انسان کا مستقبل صرف ایک چیز میں ہےاور وہ اسلام ہے۔ جو آدمی اسلام کو نہ پائے وہ ہمیشہ کے لیے محروم ہوکر رہ جائے گا۔ اس دریافت نے میرے اندر یہ تڑپ پیدا کردی کہ میں تمام انسانوں کو اس حقیقت سے باخبر کرسکوں۔ اس مقصد کے لیے میں نے بہت سے مضامین لکھے اور کتابیں تیار کیں۔ مگر میں ان پر مطمئن نہ ہوسکا۔
اب میں نے ایک کتاب تیار کی ہے جو خدا کے فضل سے اب فائنل اسٹیج میں ہے۔ یہ چھ ابواب پر مشتمل ہوگی اور اس کا نام ہوگا ’’اسلام‘‘۔ ذاتی طور پر میں مطمئن ہوں کہ انسان کو جو پیغام میں دینا چاہتا تھا وہ پیغام میں نے اس کتاب میں دے دیا ہے۔ یہ میرے اورپر عالم انسانی کا ایک قرض تھا۔ میں محسوس کرتا ہوں کہ اس کتاب کی صورت میں میں نے یہ قرض اداکردیا ہے۔ انشاء اللہ جو آدمی بھی اس کتاب کو پڑھے گا وہ اس بات کو جان لے گا کہ انسان کے بارے میں خدا کی اسکیم کیا ہے۔ اور وہ کیا چیز ہے جس سے انسان کا مستقبل ابدی طور پر بندھا ہوا ہے۔