Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
22ستمبر1997
اورنگ آباد کے تین مسلم نوجوان آئے۔ وہ تبلیغی جماعت کے نظام کے تحت یہاں آئے تھے۔ انہوں نے پوچھا کہ ہم لوگ تبلیغی جماعت کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ آپ ہمیں بتائیے کہ اس جماعت کے ساتھ وابستہ ہونا کیسا ہے۔ میں نے جواب دیا کہ آخرت کی نجات کا تعلق تبلیغی جماعت پر منحصر نہیں۔ آخرت کا معاملہ تمام تر انفرادی ہے نہ کہ جماعتی۔ یعنی ایسا نہیں ہے کہ کوئی جماعت خدا کی خاص جماعت ہے، جو اس سے وابستہ ہوگیا وہ اجتماعی طور پر جنت میں داخل کردیا جائے گا۔ میں نے کہا کہ آپ جماعت کو نہ دیکھئے بلکہ خود اپنے آپ کو معیار بنائے۔ اپنے محاسبہ میں اگر آپ ایسا پائیں کہ جماعت سے وابستگی آپ کے اندر خدا کا خوف اور آخرت کی فکر پیدا کررہی ہے۔ آپ کا اخلاق درست ہورہا ہے۔ آپ کی نفسیاتی برائیوں کی اصلاح ہورہی ہے تو سمجھ لیجئے کہ آپ صحیح راستہ پر چل رہے ہیں۔ اور اگر یہ باتیں حاصل نہ ہورہی ہوں تو کسی بھی جماعت سے جڑنے کا کوئی فائدہ نہیں۔