Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
31جولائی1997
بی بی سی لندن پر آج کل روزانہ ایک پروگرام آتا ہے جس کا عنوان ہے’’50دن 50سال پہلے‘‘۔ اس میں ایک صاحب کی ڈائری سے اقتباسات سنائے جاتے ہیں۔جو1947سے پہلے انڈیا کی سیاست میں قریبی طور پر شامل تھے۔ اور ہر روز یہاں کے سیاسی حالات پر اپنی ڈائری میں لکھا کرتے تھے۔30جولائی کے نشریہ میں بتایا گیا کہ 30جولائی1947کو اپنی پرارتھنا سبھا کے موقع پر مہاتما گاندھی نے خان عبدالغفارخان سے کہا کہ آپ کا کردار اب پاکستان جاکر پاکستان کو سچ مچ پاک بنانا ہے۔
گاندھی کی یہ نصیحت گاندھی کی عظمت کی دلیل ہے۔ مگر عجیب بات ہے کہ خان عبدالغفارخاں شاید ایک دن بھی اس پر عمل نہ کرسکے۔ گاندھی کا مطلب یہ تھا کہ اب آپ کو پاکستان میں نئے ذہن کے تحت رہنا ہے۔ مگر اس طرح اپنے آپ کو بدلنے کے لیے نہایت اعلیٰ ذہنی صلاحیت درکار ہے۔ خان عبدالغفار خاں شاید اس اعلیٰ ذہنی صلاحیت کے حامل نہ تھے۔ چنانچہ وہ پاکستان میں بدستور اپنے پچھلے ذہن کے ساتھ رہتے رہے۔ یہاں تک کہ مایوسی کی حالت میں1988میں ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ1890میں پیدا ہوئے تھے۔