Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
12جنوری1997
مجھ کو الرسالہ کے لیے ایک ایسے مددگار کی ضرورت ہے جو اچھی اردو جانتا ہو۔ اس لیے میں نے ندوی، اصلاحی، مظاہری، قاسمی، عمری، فلاحی، برادارہ کے فارغین کا تجربہ کیا مگر کوئی بھی کام کا آدمی نہیں ملا۔
اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ ہماری ملت میں اعلیٰ ذہن کے لوگ پیدانہیں ہو رہے ہیں۔ یہ دراصل وہی چیز ہے جس کو حدیث میں ذھاب الناس کہا گیا ہے۔ ذھاب الناس کا مطلب عام طورپر شارحین یہ سمجھتے ہیں کہ اچھے لوگ مرجائیں گے۔ یہ صحیح نہیں۔ یہ دراصل صنعتی انقلاب کے زمانہ میں پیش آنے والے واقعہ کی پیشن گوئی ہے۔ صنعتی انقلاب کے بعد جو مادی راستے کھلیں گے اس کا نتیجہ یہ ہوگا کہ اعلیٰ صلاحیت کے لوگ پیسہ کمانے کی طرف چلے جائیں گے۔ اور دینی کاموں کے لیے صرف وہ لوگ باقیرہیں گے جو کمتر صلاحیت کی بناپر نئے نظام میں کوئی مقام نہ پاسکےہوں۔ یہی موجودہ زمانہ میں پیش آیا ہے۔