Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
11اپریل1997
رج نیش (1931-1990)کو جنسی گرو (Sex Guru)کہا جاتا تھا۔ اس کے بولنے میں ساحرانہ کشش تھی۔ پونہ میں رج نیش کے مرکز میں روزانہ تقریباً دس ہزار آدمی اس کا خطاب سننے کے لیے آتے تھے۔ ہر آدمی کم از کم دس روپیہ کا ٹکٹ لیتا تھا۔ اس طرح مرکز کو صرف ٹکٹ سے روزانہ ایک لاکھ روپیہ سے زیادہ کی آمدنی ہوتی تھی۔
امریکہ میں رج نیش کے لاکھوں مستفید تھے۔ چنانچہ رج نیش نے امریکہ (اورے گان) میں126ہزار ایکڑ رقبہ میں ایک شہر بسایا جس کا نام رج نیش پورم تھا۔ رج نیش کے پاس سب سے قیمتی کار روسی رائسین93کی تعداد میں موجود تھی۔ فورڈ موٹر کمپنی کا وارث اس کے معتقد ین میں سے تھا۔
ابتداءََ رج نیش کو امریکہ میں پذیرائی حاصل ہوئی۔ نیشنل ٹیلی ویژن پر رج نیش کے متقل پروگرام ہونے لگے۔ امریکہ کے مشہور ٹی وی پروگرام (Good Morning America)پر رج نیش کو خطاب کرنے کا موقع ملا۔ وغیرہ (سنڈےصبح10فروری1990)
مگر رج نیش کو کامیابیوں نے رج نیش کو اپنے بارے میں غلط فہمی میں مبتلا کردیا۔ رج نیش نے غیر ضروری طور پر مسیح اور مسیحیت پر تنقید شروع کردی۔ اس نے حضرت مسیح کو خبطی (Crack Pot)بتایا، کیونکہ انہوں نے اپنے کو خدا کا اکلوتا بیٹا کہا تھا۔ عیسائیوں کو منافق (Hypocrites)قرار دیا۔ صدرریگن کے متعلق کہا کہ انہوں نے امریکہ میں دکھاوٹی جمہوریت (Sham democracy)قائم کررکھی ہے۔ بائبل کے متعلق کہا کہ وہ ننگی باتوں (Pornography)سے بھری ہوتی ہے۔ وغیرہ۔
اس کا نتیجہ یہ ہوا کہ امریکہ کی پبلک اور گورنمنٹ دونوں رج نیش سے خفا ہوگئے۔1985میں رج نیش کو مختلف سنگین الزامات کے تحت گرفتار کرلیا گیا۔ اس کے بعد رج نیش کو امریکہ سے نکال دیا گیا۔ انہوں بہت سے ملکوں میں رہنا چاہا مگر کسی نے ان کو قبول نہیں کیا۔ مجموعی طور پر وہ21ملکوں سے نکالے گئے۔ آخر میں دوبارہ ہندوستان (پونہ) میں آکر رہنے لگے۔
اس تجربہ نے رج نیش کی شخصیت کو توڑدیا۔ وہ مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔ یہاں تک کہ صرف59سال کی عمر میں مرگئے۔ رج نیش تجروعمل دونوں اعتبار سے ایک لغو آدمی تھا۔ مگر اس کی زندگی میں ایک سبق ہے۔ وہ یہ کہ آدمی کو چاہیے کہ وہ اپنی حد کو جانے ۔ حد کے اندر رہنے والے کو کام کے مواقع دئے جاتے ہیں اور حد سے تجاوز کرنے والے سے مواقع چھین لیے جاتے ہیں۔