Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
2اپریل1997
کام کرنے کے دو طریقے ہیں۔ ایک یہ کہ لوگوں کے درمیان قائم شدہ تعصبات(Prejudices)کے اوپر اپنے کام کی بنیاد کھڑی کی جائے۔ دوسرے یہ کہ قائم شدہ تعصبات کو توڑکر حقیقت کو معلوم کیا جائے اور خود اپنے دریافت کردہ حق کی بنیاد پر اپنے عمل کی بنیاد کھڑی کی جائے۔ پہلا کام انتہائی آسان ہے اور اس کے مقابلہ میں دوسرا کام انتہائی مشکل۔
دونوں ہی کاموں میں کچھ فائدے ہیں اور کچھ نقصانات ہیں۔ پہلی قسم کے کام میں یہ فائدہ ہے کہ آدمی کو فوراً اپنے کام کی زمین مل جاتی ہے۔ وہ غیر مقبول ہو یا کہ خطرے سے بچ جاتا ہے۔ وہ نہایت آسانی کے ساتھ لوگوں کا تعاون حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتا ہے۔ مگر اس کے ساتھ اس کا نقصان یہ ہے کہ اس نوعیت کے کام میں تخلیقی فکر کی موت واقع ہوجاتی ہے۔ اس میں منافقانہ کردار پرورش پاتا ہے۔ اس طریقہ کارکے ذریعہ کوئی مہترانہ کام انجام نہیں دیاجاسکتا۔
دوسرے ڈھنگ کے کام میں شدید طور پر اس بات کا خطرہ ہوتا ہے کہ آدمی اپنے ماحول میں غیر مقبول ہوجائے۔ اس کو لوگوں کا تعاون نہ ملے۔ وہ اپنی زندگی میں کوئی شاندار ادارہ قائم نہ کرسکے۔ لیکن دوسری طرف اس کا یہ فائدہ ہے کہ آدمی منافقانہ روش سے بچ جاتا ہے۔ اس کے اندر تخلیقی ذہن پرورش پاتا ہے۔ وہ مجتہرانہ شخصیت کا حامل انسان بنتا ہے۔ اب یہ ہر انسان کے اپنے حوصلے کی بات ہے کہ وہ دونوں میں سے کس طرز کے کام کو اختیار کرے۔