Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
18دسمبر 2006
۱۵دسمبر ۲۰۰۶ کو حسب معمول ہفتےو ار جمعہ کی کلاس تھی۔ اسپریچول کلاس کا موضوع دعا تھا ۔ دوسری باتوں کے علاوہ میں نے لوگوں کو یہ حدیث سنائی : مَن فُتح له منكم باب الدعاء فتحت له أبواب الرحمة . ( الترمذى ، كتاب الدعوات )یعنی تم میں سے جس شخص کے لیے دعا کا دروازہ کھولا گیا اس کے لیے رحمت کے دروازے کُھل گئے ۔
اِس حدیث کی شرح کرتے ہوئے میںنے کہا کہ دعا دو قسم کی ہوتی ہے ۔ ایک یہ دعا کہ عربی الفاظ کو رٹ لیا جائےاور اس کو اپنی زبان سے دہرایا جاتا رہے ۔ یہ عام قسم کی دعا ہے ۔ مذکورہ حدیث میں خاص قسم کی دعا کا ذکر ہے ۔ یہ دعا وہ ہے جو تدبر اور تفکر یا حالات کے رفرنس میں آدمی کے اندر سے ابلتی ہے ۔