Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
25اکتوبر 2006
جنت کے متعلق ہمارا عقیدہ ہے کہ وہ ابدی نعمتوں کا مقام ہے ۔ جنت کی ابدیت کوئی سادہ بات نہیں ۔ جنت کی ابدیت کے لیے ضروری ہے کہ جنت میں کوئی ایسی نعمت ہو جو کبھی ختم نہ ہو سکے ۔ اگر جنت کی نعمتوں کی حد آجائے تو جنت ابدی خوشیوں کی جگہ نہ ہوگی۔
جنت کی سب سے بڑی ابدی نعمت یہ ہوگی کہ اہل جنت خدا کی معرفت حاصل کرتے رہیں گے ۔ یہ معرفت کبھی ختم نہ ہوگی ۔ اِ کا تجربہ آدمی آج ہی کی دنیا میں کر سکتا ہے ۔ موجودہ دنیا خدا کی مخلوق ہے۔ ہم دیکھتے ہیں کہ ہماری عقل مخلوقات کا اعاطہ نہیں کر پاتی ۔ ہر دن یہاں نئی باتیں دریافت ہوتی رہتی ہیں ، پھر جب مخلوق کی کوئی حد نہیں تو خالق کی حد کیسے ہو سکتی ہے ۔ حقیقت یہ ہے کہ مخلوقات کا تعارف ہی خالق سے تعارف کا سب سے بڑا ذریعہ ہے ۔ قرآ ن میں ارشاد ہوا ہے کہ اگر دنیا کے تمام سمندر سیاہی بن جائیں ، اور دنیا کے تمام درخت قلم بنا دیے جائیں اور خدا کے کلمات کو لکھنا شروع کیا جائے تو تمام سمندروں کی سیاہی بھی اس کو لکھنے کے لیے کافی نہ ہوگی ، خواہ اتنے ہی سمندر اور پیدا کر دیے جائیں ۔ (الکہف: ۱۰۹، لقمان :۲۷)
سائنس نے موجودہ زمانے میں فطرت کے جو اسرا دریافت کیے ہیں وہ بتاتے ہیں کہ قرآن کا یہ بیان بلا مبالغہ درست ہے ۔