Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
22ستمبر 2006
ایک تعلیم یافتہ مسلمان ملاقات کے لیے آئے ۔ وہ آئی اے ایس افسر ہیں۔ ان کی شادی ہوئی اور بچہ بھی پیدا ہوا ، لیکن پھر طلاق ہوگئی ۔ ملاقات کے وقت ایک تجربہ ہوا جس سے میں نے اندازہ کیا کہ طلاق کا سبب کیا تھا ۔
گفتگو کے دوران میں نے کہا کہ بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ کوئی شخص مجھ سےملنےکےلیے آیا لیکن میں صرف اس کی بات سنتا رہا میں نے خود سےکوئی جواب نہیں دیا۔ انھوں نے فوراً کہا کہ ایسے لوگوں کو آپ میرے پاس بھیج دیا کیجئے ، مجھ کو جواب دینا آتا ہے ۔ اسی سے میں نے قیاس کیا کہ ان کے اندر بے جا خود اعتمادی (Over Confidence)ہے۔وہ غیر ضروری طور پر بڑی بڑی بات بولتے ہیں ۔ ایسا ہی وہ اپنی بیوی سے مزید اضافے کے ساتھ کرتے ہوں گے ۔ اسی کو ادب کی زبان میں تعلّی کہا جاتا ہے ۔ غالباً ان کا یہی تعلّی کا مزاج ان کے اور ان کی بیوی کے درمیان تفریق کا سبب بن گیا۔