Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
1دسمبر 2006
تقریباً سو سال سے یہ کوشش ہو رہی ہے کہ ایسے علماء تیار کیے جائیں جو قدیم تعلیم اور جدید تعلیم دونوں حاصل کیے ہوئے ہوں اس کے بعد وہ دور جدید کے علماء کی ضرورت کو پورا کریں ۔ عملاً دیکھا جائے تو ہزاروں مسلمانوں نے اس طرح کی تعلیم حاصل کی ، انھوں دے مدرسے کی سند کے ساتھ یو نیورسٹی کی ڈگری یاں بھی لیں ۔ خود مسلمانوں نے ایسے تعلیمی ادارے قائم کیے کے جہاں ان کے دعوے کے مطابق ، جدید اور قدیم دونوں قسم کی تعلیم دی جاتی ہے ، مگر واقعات بتاتے ہیں کہ مطلوب علماء تیار نہ ہو سکے۔
اِ س پر غور کرنے کے بعد میری سمجھ میں آتا ہے کہ یہ مسئلہ سادہ طور پر قدیم و جدید کی تعلیم کا نہیں ہے ۔ بلکہ وہ قدیم و جدید کے درمیان انٹگریشن تلاش کرنے کا ہے ۔ گویا کہ یہ معاملہ تعلیمی نہیں ہے ، بلکہ تفکیری ہے ۔ اگر یہ صرف تعلیمی مسئلہ ہوتا تو وہ اب تک حاصل ہو چکا ہوتا ۔ کیوں کہ ہزاروں مسلمان ہیں جنھوں نے دونوں قسم کی تعلیم حاصل کی ، مگر اس کا نتیجہ اس کے سوا اور کچھ نہ نکلا کہ وہ مدرسے کے استاد بنے کے بجائے یو نیورسٹی کے پروفیسر بن گئے ۔ اس طرح دو طرفہ تعلیم کہ نتیجے میں ان کی معاش تو بہتر ہو گئی ۔ لیکن اسلام کی جدید ضرورت پوری نہ ہو سکی۔