Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
10اکتوبر2006
خدا کی ایک صفت صَمَد ہے ، یعنی بے نیاز ۔ انسان مکمل طور پر اس صفت سےخالی ہے ۔ کوئی بڑے سے بڑاانسان بھی بےنیاز نہیںہو سکتا۔ یہ صرف خدا ہے جو ہر چیز سے بے نیاز ہے ، وہ ہرچیزسےبلند ہے، وہ اپنےآپ میں ایک زندہ وجود کی حیثیت سے قائم ہے۔ اسی کاایک پہلو یہ ہے کہ خدا کے اندر اتھاہ صبر کی صفت پائی جاتی ہے۔ ہزاروںسال سے انسان زمین کے اوپر ظلم اور فساد کررہاہے ، خدا اس سے آخری حدتک باخبر ہے ، لیکن وہ دنیا کو تباہ نہیں کرتا ۔ انسان اپنے خلاف مزاج بات کو دیکھ کر فوراً اضطراب میں مبتلا ہو جاتا ہے ،لیکن خد ا کی یہ انوکھی صفت ہےکہ وہ اس قسم کے احساسات سے بلند ہے ۔ وہ شورکر سنتا ہے مگر شور اس کو مضطرت نہیں کرتا ، وہ گندگی کو دیکھا ہے لیکن وہ اس پر بے قرار نہیںہوتا ۔ وہ بُرائی کودیکھتاہےلیکن وہ اس پر مشتعل نہیںہوتا۔ وہ اپنے خلاف باتوں کو سنتا ہے لیکن وہ ایسےلوگوںکومٹانے کےلیے کچھ نہیں کرتا ۔ یہسب خدا کی صمدیت سے مظاہرہیں۔