Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
29دسمبر1996
25دسمبر کو سہارنپور میں ایک تقریر تھی۔ موضوع تھا: مسلم اقلیت کا تعلیمی مسئلہ۔ میں نے اپنی تقریر میں کہا کہ اگر یہ کہا جائے کہ پانی کے بہاؤ کا مسئلہ تو اس کا مطلب یہ نہیں ہوگا کہ پانی کے اندر بہاؤ کی صفت ختم ہوگئی ہے۔ پانی تو اپنے آپ بہتا ہے۔ اس کا بہاؤ رکنے کا مطلب یہ ہے کہ کوئی چیز اس کے راستہ میں رکاوٹ بن گئی ہے۔ اگر اس رکاوٹ کو ہٹادیا جائے تو بہاؤ اپنے آپ جاری ہوجائے گا۔
تعلیم سے موجودہ زمانہ میں ہر قسم کی ترقی اور عزت جڑی ہوئی ہے۔ ایسی چیز کی طرف آدمی خود اپنے فطری جذبہ کے تحت دوڑتا ہے۔ ایسی حالت میں سوال یہ ہے کہ مسلمان اس کی طرف کیوں نہیں دوڑے۔ اس کی اصل وجہ رکاوٹ ہے۔ ہندوستان میں کچھ نااہل لیڈروں نے ہندومسلم نفرت ابھاردی۔ یہ مسلمانوں کے لیے تعلیمی پیش قدمی میں رکاوٹ بن گئی۔ اگر ہندوؤں اور مسلمانوں کے درمیان نا رمل تعلقات قائم ہوجائیں تو مسلمان اپنے آپ تعلیم کی طرف دوڑنے لگیں گے۔