Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
24مارچ1996
ڈاکٹر احمد سلطان (بنگلور) کافی بڑے ڈیل ڈول کے آدمی ہیں۔ اسی کے ساتھ وہ شیروانی پہنتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی سال پہلے وہ بمبئی گئے۔ وہاں وہ ’’چوربازار‘‘ کسی ضرورت کے لیے چوراہے پر پہنچے تو لڑکوں نے ان کو دیکھ کر کہنا شروع کیا’’ناٹک کا راجہ جارہا ہے، ناٹک کا راجہ جارہا ہے۔ اس کے ساتھ وہ زورزور سے قہقہ لگارہے تھے۔ مگر ڈاکٹر سلطان صاحب غصہ نہیں ہوئے۔ وہ خاموشی سے آگے بڑھ گئے۔ اپنا کام کرکے جب وہ واپس ہوئے تو لڑکے وہاں موجود تھے۔ انہوں نے پیار کے انداز میں لڑکوں کو آداب کہا اور پھر نرمی کے ساتھ پوچھا ’’بھائی، آپ لوگوں نے کسی ناٹک میں مجھ کو دیکھا تھا۔ ہماری کون سے بات آپ کو پسند آئی‘‘ اس کے بعد لڑکے سخت شرمندہ ہوگئے، وہ دوبارہ انہیں کچھ نہ کہہ سکے۔