Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
15دسمبر1996
جو لوگ دنیا میں خدا کی عبادت نہیں کرتے وہ اس واحد عظیم نعمت سے محروم ہیں جس کا موقع انہیں دنیا میں دیا گیا تھا۔ مگر جو لوگ بظاہر عبادت کررہے ہیں۔ ان کی بھی بڑی اکثریت ایک عظیم عبادت سے محروم نظر آتی ہے۔ اور وہ ہے صبر۔ میرے علم کے مطابق سب سے بڑی عبادت اس دنیا میں صبر ہے۔ مگر موجودہ مسلمانوں کا حال یہ ہے کہ بطور خبر بھی انہیں یہ بات نہیں بتائی گئی کہ سب سے بڑی عبادت وہ ہے۔ پھر ان کے اندر اانہیں عظیم عبادت کی ادائیگی کا جذبہ کیسے پیدا ہوگا۔
صبر کا مطلب ہے تلخیوں کو خدا کی خاطر گوارا کرنا۔ انا کی چوٹ کو خداکی خاطر نظر انداز کرنا۔ اپنے بھڑکے ہوئے جذبات کو دباکر خدا کی خاطر اپنے آپ کو اعتدال پر قائم رکھنا۔ امکانی طور پر میں مانتا ہوں کہ ایسے افراد دنیا میں موجود ہوں گے مگر ذاتی طور پر ابھی تک میں نے اس انسان کا تجربہ نہیں کیا جو صبر کو عظیم ترین عبادت سمجھے اور خوش دلی کے ساتھ اس عبادت کو انجام دینے کے لیے تیار ہو۔