Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
22جولائی1996
مرزا راشد علی بیگ ایک آزاد خیال مسلمان تھے۔ کئی ملکوں میں وہ ہندوستانی سفیر رہے۔ وہ نئی دہلی میں حوض قاضی کے علاقہ میں رہتے تھے۔1968میں انہوں نے مسلم پروگریسو گروپ کے نام سے ایک تنظیم قائم کی تھی غالباً ثمانیات کے آغاز میں ان کا انتقال ہوگیا۔ وہ سات سال تک مسٹر محمد علی جناح کے سکریٹری رہے۔1940میںپاکستان ریزولیوشن پاس کئے جانے کے بعد وہ اس سے اختلاف کرکے الگ ہوئے۔ ان کی خودنوشت سوانح حیات ان ڈفرنٹ سیڈلز (In Different Saddles) کے نام سے 1967میں چھپی جب کہ ان کی عمر63سال تھی۔
وہ لکھتے ہیں کہ جناح لیڈر سے زیادہ ڈکٹیٹر تھے۔ مسلم لیگ کی میٹنگ کی صدارت وہ اس طرح کرتے تھے۔ جیسے کوئی جنرل اپنی فوج کی کمانڈکرتا ہے۔ ایک بار میں ان کے ساتھ بیٹھا ہواتھا۔ ملازم نے آکر بتایا کہ کچھ مسلمان ملنے کے لیے آئے ہیں۔ جناح نے بیزاری کے انداز میں کہا کہ بھیجو۔ سیدھے سادے کچھ لوگ ڈر سے سہمے ہوئے اندر آئے۔ جناح نے اپنی کرسی پر بیٹھے بیٹھے انگریزی میں کہا کہ کہیے،آپ لوگ کیا چاہتے ہیں(Well, what do you want)ان میں سے ایک شخص اردو میں بولا صاحب ، ہم آپ کے دیدار کے لیے آئے ہیں۔ جناح نے دوبارہ انگریزی میں جواب دیا کہ اچھا تو آپ نے میرا دیدار کرلیا (Well, you have seen me)جناح نے یہ کہا اور فوراً ہی اپنا رخ ہماری طرف موڑکرہم سے بات کرنے لگے۔