Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
28اکتوبر1996
نیویارک سے خواجہ حکیم الدین صاحب کا ٹیلی فون آیا۔ انہوں نے بتایا کہ آٹھ سال کے بعد انہیں امریکہ میں قیام کا گرین کارڈ مل گیا۔ یہ بہت خوشی کی بات ہے کیوں کہ امریکہ میں الرسالہ مشن کے وہ سب سے زیادہ مضبوط فرد ہیں۔ اب انشاء اللہ امریکہ میں الرسالہ مشن کا کام کافی بڑھ جائے گا۔ چنانچہ انہوں نے ساتھ ہی یہ خوش خبری بھی سنائی کہ وہ الرسالہ کو جلد ہی انشاء اللہ انٹرنیٹ پر لارہے ہیں۔
دوسری خاص خوش خبری یہ تھی کہ انہوں نے بتایا کہ امام ذکی الدین اشرفی نے ’’فکر اسلامی‘‘ کا مطالعہ کیا اور اس سے وہ اتنا زیادہ متاثر ہوگئے کہ وہ اس کو دوبارہ پڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کلیم الدین صاحب کو دوبار ٹیلیفون کرکے یہ کہا کہ الرسالہ مشن کی تیاری مطبوعات انہیں بھیج دیں۔ ذکی الدین صاحب نہایت ذہین اور اعلیٰ تعلیم یافتہ آدمی ہیں۔ وہ فکر مودودی سے بہت زیادہ متاثر تھے۔ حتیٰ کہ امریکہ کے پچھلے سفر میں جب ان سے ملاقات ہوئی تو ایک گفتگو میں انہوں نے جوش میں آکر یہ کہہ دیا کہ ’’مولانا مودودی اتنے بڑے ہیں کہ کوئی ان سے چھوٹا بھی نہیں‘‘۔