Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
31جولائی1996
سعودی میگزین المجلۃ کے مستقل لکھنے والوں میں سے ایک الطیب صالح السعودانی ہیں۔ مجلہ کے شمارہ19-13ربیع الاول1417ھ میں انہوں نے خواطرمن واشنطن کے عنوان کے تحت اپنے سفر واشنگٹن کے تاثرات لکھے ہیں۔
واشنگٹن میں سوڈان کے سفیر السید مہدی ابراہیم نے انہیں کھانے پر بلایا۔ اس موقع پر جو لوگ موجود تھے ان میں سے ایک تعلیم یافتہ عرب جودین النور زرّوق بھی تھے۔ جو اب امریکہ میں رہتے ہیں۔ الطیب صالح نے ان سے کہا: ما الذی جاء بک الی امیر کا۔ تشتمون امیرکا وتجرون وراءھا۔ یعنی کیا چیز ہے جو تم کو اپنے وطن سے امریکہ لے آئی۔ تم لوگ امریکہ کو گالی دیتے ہو اور اس کے پیچھے بھاگتے بھی ہو۔
یہ صرف ایک عرب نوجوان کی بات نہیں۔ یہی آج تمام دنیا کے مسلمانوں کا حال ہے۔ ان میں سے ہر ایک امریکہ کو اسلام کا دشمن بتاتاہے اور ہر ایک یہ چاہتا ہے کہ وہ خود کو یا اپنے عزیزوں کو کسی نہ کسی طرح امریکہ پہنچادے۔