Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
14اکتوبر1996
کچھ انتہا پسند ہندو (مثلاً گرو گووامکر اور مسٹر ارون شوری) یہ کہتے ہیں کہ ایک اچھا مسلمان (گڈ مسلم) ایک اچھا ہندوستانی (گڈ انڈین) نہیں ہوسکتا۔ یہ بات انسانی فطرت کے خلاف ہے۔ اس لیے وہ کامن سنس ہی پر ردہوجاتی ہے۔
مگر اس مفروضہ کی تردید ہے۔ ہر جگہ کے لوگ جانتے ہیں کہ ایک شخص کے اپنے باپ کا اچھا فرزند ہوتے ہوئے اپنی ماں کا بھی اچھا فرزند ہوسکتا ہے۔ وہ اپنے بیٹے کا سچا خیرخواہ ہوتے ہوئے اپنی بیٹی کا بھی سچا خیرخواہ ہوسکتا ہے۔ وہ اپنی بیوی سے محبت کرتے ہوئے اپنی بہن کے لیے بھی مخلص ہوسکتا ہے۔
ہرانسان کا یہ ذاتی تجربہ بتاتا ہے کہ کسی انسان کے اندر بیک وقت ایک سے زیادہ خوبیاں جمع ہوسکتی ہیں۔ حقیقت یہ ہے کہ یہ انسان کی تصفیر ہے کہ اس کے بارے میں مذکورہ قسم کا بیان دیا جائے۔ اس بات کو ایک مغربی مفکر نے ان الفاظ میں کہا کہ میں اتنا زیادہ بڑا ہوں کہ متضاد چیزوں کو اپنے اندر سمیٹ سکوں:
I am large enough to contain all these contradictions.