Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
26جولائی1996
العالم الاسلامی (مکہ) کے شمارہ 21-15جولائی1996میں مصر کے ایک ممتاز صحافی السید عبدالرؤف کا انٹرویو چھپا ہے۔ اس کا عنوان ہے: الاسلام لایزال ینتشر فی العالم بقوتہ الذاتیہ: ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسلام ہردن نئی زمین حاصل کررہا ہے، اور یہ اس کی اپنی قوت کے ذریعہ ہورہا ہے۔ ایسا مسلمانوں کی کوشش سے نہیں ہورہا ہے۔ اور یہ کوئی عجیب بات نہیں۔ کیوں کہ وہ دین حق ہے اور اسلام وہ دین ہے جس کو اللہ نے انسانوں کے لیے واحد طریقہ کے طور پر منتخب فرمایا ہے: ان الاسلام یکسب کل یوم ارضاً جدیدۃ۔ وذلک عن طریق قوتہ الذاتیۃ، ولیست بافعال المسلمین۔ وھذا لیس مستفر با، لانہ الدین الحق وھو الدین الذی اختارہ اللہ تعالیٰ منھاجا للبشریۃ یہ نہایت صحیح بات ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلام آج بھی اپنے اندر تسخیری قوت رکھتا ہے۔ اس تسخیری قوت کے استعمال کا واحد ذریعہ دعوت ہے۔ مگر دعوت کی مہم کو موثر طور پر چلانے کے لیے ضروری ہے کہ داعی اور مدعو کے درمیان نزاع کی حالت کو ختم کردیا جائے۔ یہ کام خود مسلمانوں کو یک طرفہ طور پر کرتا ہے۔ تاکہ معتدل فضا قائم ہوسکے۔ یہی آج کی قربانی ہے اور یہی آج کا سب سے بڑا جہاد۔