Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
18ستمبر1996
ایک کشمیری نوجوان (عمر23سال) اپنے والد کے ساتھ ملاقات کے لیے آئے۔ انہوں نے بتایا کہ کشمیر کی مسلح تحریک شروع ہوئی تو میں میٹرک میں پڑھ رہا تھا۔ مجھے جوش آیا اور میں تعلیم چھوڑکر تحریک میں شریک ہوگیا۔ مگر حقیقت میں کہ یہ تحریک ناکام ہوچکی ہے۔ میں نے بھی اس کو چھوڑدیا ہے۔ اب احساس ہوتا ہے کہ میں نے اپنی قیمتی عمر کے پانچ سال ضائع کردئیے۔
میں نے کہا کہ ایسا مت کیجئے۔ کسی مفکر کا قول ہے کہ: ہر دن پہلا دن ہے۔ آپ ماضی کو بھلا دیجئے۔ اور آج سے ازسرنو اپنی زندگی شروع کردیجئے۔ ان کو میں نے مشورہ دیا کہ آپ فوراً اپنی تعلیم شروع کردیجئے۔ اور تعلیم کی تکمیل سے پہلے ہر دوسری بات سے اپنے آپ کو مکمل طور پر الگ کرلیجئے۔ میں نے انہیں ایک ڈائری دی۔ اس پر کچھ نصیحتیں لکھیں اور کہا کہ اس کو ہمیشہ جیب میں رکھئے اور اس میں ضروری بات درج کرتے رہیے۔