Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
7اگست1998
اپنے لمبے تجربہ کے بعد میری سمجھ میں یہ بات آئی کہ موجودہ دنیا کو اللہ تعالیٰ نے اس طرح بنایا ہے کہ یہاں غم قابل حصول ہے مگر خوشی یا لذت قابل حصول نہیں۔ اس کی وجہ غالباً یہ ہے کہ غم موجودہ دنیا میں انسان کی ذہنی اور روحانی غذا ہے۔ غم انسان کی داخلی ترقی کا ذریعہ ہے۔ مگر جہاں تک خوشی اور لذت کا معاملہ ہے اس کا کوئی حقیقی فائدہ موجودہ دنیا میں نہیں۔ خوشی اور لذت آدمی کو غافل کرنے والی چیزیں ہیں۔ ایسا آدمی سطحی اور نمائشی بن جاتا ہے۔ وہ بے حسی کا شکار ہوجاتا ہے۔ اس سے تمام اعلیٰ انسانی اور اخلاقی اوصاف چھن جاتے ہیں۔ واحد چیز جو باقی رہتی ہے وہ حیوانی لذت ہے۔ غم اگر انسان کو انسان بنانے والا ہے تو خوشی اور لذت انسان کو حیوان بنادینے والی چیز ہے۔