Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
7جولائی1998
جناب خورشید احمد ایذرابی سرینگر کے رہنے واے ہیں (Tel: 450874)12جولائی کو دہلی میں ان سے ملاقات ہوئی۔ وہ 6مہینے ریاض (سعودی عرب) میں رہ کر آئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سعودی علماء کی اکثریت تبلیغی جماعت کو ایک گمراہ جماعت سمجھتی ہے۔ وہ اپنے ساتھ ریاض میں چھپی ہوئی ایک کتاب لے آئے۔ تین سو اکاون صفحات پر مشتمل اس عربی کتاب کا نام ہے: السول البلیغ فی التحذیرمن جماعۃ التبلیغ، تالیف حمود بن عبداللہ بن حمود التویجری۔ یہ کتاب1993میں دارالصمیی للنشر والتوزیع سے چھپی ہے۔
اس کتاب میں تبلیغی جماعت کے خلاف بہت سی باتیں ہیں۔ اس کا اندازہ ایک اقتباس سے ہوگا۔ کتاب کے آغاز میں کسی صاحب کا ایک سوال تبلیغی جماعت کے بابت نقل کیا گیا ہے۔ اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مؤلف کتاب نے لکھا ہے: اما جماعۃ التبلیغ؛ فا نھم جماعۃ بدعۃ وضلالۃ، ولیسواعلی الامرالذی کان علیہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم واصحابہ والتابعون لھم باحسان(صفحہ7) یعنی جہاں تک تبلیغی جماعت کا تعلق ہے تو وہ بدعت اور گمراہی کی جماعت ہے۔ وہ اس طریقے پر نہیں ہے جس پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اور صحابہ اور تابعین تھے۔