Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
9اپریل1998
جناب رحمن نیرصاحب (نظام الدین ویسٹ) کچھ ذاتی مسائل سے دوچار ہیں۔ ان سے جب ملاقات ہوئی ہے تو وہ اپنے ان مسائل کا تذکرہ کرتے ہیں ان مسائل نے ان کی صحت پر بہت برااثر ڈالا ہے وہ ذہنی سکون سے بھی محروم رہے ہیں اور جسمانی تندرستی سے بھی ۔
میں نے ان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو جو نقصانات پیش آئے ، جو مسائل پیداہوئے وہ سب کسی نہ کسی طورپر خود میرے ساتھ میں ہیں میرے ساتھ تقریباً ہر روز ایسی ناخوش گوار باتیں پیش آتی ہیں جو بظاہر قابل برداشت نہیں ہوئیں اس کے باوجود خدا کے فضل سے میںذہنی اور جسمانی دونوں اعتبار سے بہتر ہوں۔ اگرچہ میری عمر آپ سے زیادہ ہے۔
اس کا سبب یہ نہیں ہے کہ میرے ساتھ نقصان پیش نہیں آتا جبکہ اس کا سبب ہے نقصان کو کیش کرنا۔ میں ہر تلخ تجربہ سے کوی مفید سبق لیتا ہوں اس طرح گویا میں ہر نقصان کو فوراً کیش کرلیتا ہوں۔ آپ کا اور میرا فرق یہ ہے کہ آپ نقصان کو نقصان کی صورت میں لے رہے ہیں۔ اور میں خدا کے فضل سے نقصان کو فائدہ کی صورت میں کیش کرلیتا ہوں۔ جب آپ نقصان کو سبق کی صورت میں بدل دیں تو گویا کہ آپ نے نقصان کو اعلیٰ قیمت پر کیش کرالیا اس کے بعد اپنے آپ ایسا ہوتا ہے کہ ذہن کا بوجھ ہلکا ہوجائے۔