Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
17جولائی1998
آج بی بی سی لندن نے بتایا کہ پاکستان کے ڈاکٹر محبوب الحق کا کل انتقال ہوگیا۔ وہ امریکہ گئے ہوئے تھے۔ وہیں ان کو نمونیا ہوا جو ان کے لیے مہلک ثابت ہوا۔ بوقت وفات ان کی عمر64سال تھی۔
ڈاکٹر محبوب الحق پاکستان کے ایک ممتاز دانشور تھے۔ میں نے نئی دہلی میں ان کی ایک تقریر سنی ہے اور ٹائمس آف انڈیا میں ان کا ایک آرٹیکل بھی پڑھا ہے۔ وہ پاکستان میں اتنے مقبول تھے کہ جنرل محمد ضیاء الحق کی حکومت میں ان کووزیر بنایا گیا۔ وہ دوسرے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے۔ آخری سالوں میں وہ پاکستانیوں کی نظر میں ایک مبغوض شخص بن گئے تھے کیونکہ وہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان قیام امن کی باتیں شدت سے کرنے لگے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انڈیا اور پاکستان دونوں موجودہ حریفانہ تعلق کی بناپر باہمی تجارت نہ کرسکے۔ اور اس کے نتیجہ میں دونوں کو گھربوں ڈالر کا نقصان ہوا۔ دونوں ملکوں کو یہ کرنا چاہیے کہ وہ سیاسی نزاع کو الگ رکھ کر باہمی تجارت کو فروغ دیں۔ اس کو وہ ڈی لنکنگ پالیسی کا نام دیتے تھے۔
میں سمجھتا ہوں کہ ڈاکٹر محبوب الحق کا یہ مشورہ نہایت درست تھا مگر جو لوگ نفرت کے جذبات میں جی رہے ہوں وہ مذکورہ قسم کے مشورہ کی اہمیت کو سمجھ نہیں پاتے۔