Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
8مئی1998
اکثر خبریں آتی ہیں کہ زہریلی شراب پینے سے کئی لوگ مرگئے۔ حال میں اس سلسلہ میں بہت بڑا حادثہ ہوا جب کہ تقریباً100آدمی زہریلی شراب پی کر مرگئے۔ یا خطرناک حالت میں اسپتال میں پڑے ہوئے ہیں۔ اس سلسلہ میں ایک ریڈیورپورٹ میں نے سنی۔ اس میں بتایا گیا تھا کہ زہریلی شراب اصلاً سستی شراب ہوتی ہے۔ معموی طریقے سے بناکر اس کو بوتلوں میں بند کردیاجاتا ہے۔ اس میں نشہ تو ہوتا ہے مگر وہ اس کے ساتھ سخت مضر ہوتی ہے۔ یہ بات بتاتے ہوئے رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ چونکہ اچھی سراب مہنگی ہوتی ہے۔ لوگ سستی شراب کے چکر میں زہریلی شراب کا شکار ہوجاتے ہیں۔
یہ معاملہ صرف شراب کا نہیں ہے بلکہ ہر چیز کا ہے۔ لوگ سستے کے شوق میں اکثر ایسے سامان خریدتے ہیں جو تھوڑے دنوں کے بعد بیکار ہوجاتے ہیں۔ میرے بڑے بھائی ایک مثل بیان کیا کرتے تھے: ستا روئے روز روز، مہنگا روئے ایک روز۔
یہی معاملہ دین کا بھی ہے۔ اکثر لوگ جنت کا سستا ٹکٹ سمجھ کر ایسے دین کو لے لیتے ہیں جو خدا کا مطلوب دین نہیں ہوتا۔ نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ اس قسم کا سستا ٹکٹ انہیں کہیں بھی نہیں پہنچاتا۔