Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
You mean Islam has spiritual side too
موجودہ زمانہ میں اسلام کی تصویر یہ بن گئی ہے کہ اسلام مارکاٹ کا ایک مذہب ہے، اسلام میں جہاد وقتال کے سوا اور کچھ نہیں۔ مسلمانوں کے لکھنے اور بولنے والے لوگ عام طور پر یہ کہتے ہیں کہ اسلام کی غلط تصویر مغربی میڈیا نے بنائی۔ مگر میرے نزدیک اس کے اصل ذمہ دار مسلمانوں کے نام نہاد رہنما ہیں۔ ان لوگوں نے موجودہ زمانہ میں جگہ جگہ تشددانہ تحریکیں چلائیں۔ یہ تشددانہ تحریکیں عام حالت میں اسلام کو بدنام کرنے کا ذریعہ نہیں بن سکتی تھیں۔ اس قسم کی تحریکیں ہرمذہبی گروہ میں پائی جاتی ہیں مگر جو چیز اسلام کو بدنام کرنے کا سبب بنی وہ یہ تھی کہ مسلم رہنماؤں نے تشددانہ تحریکوں کو اسلام کے نام پر چلایا۔ دوسری قوموں میں جو تشددانہ تحریکیں چل رہی ہیں وہ ان کے مذہب کے نام پر نہیں چلائی جارہی ہیں۔ بلکہ قومی آزادی وغیرہ کے نام پر چلائی جارہی ہیں۔ یہ مجرمانہ تشویش صرف مسلم رہنماؤں میں پائی جاتی ہے کہ وہ اپنی تشددانہ تحریک کو مذہب اسلام کے نام پر چلا رہے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں کہ اسلام کی لمبی تاریخ میں مسلمانوں نے جو غلطیاں کی ہیں ان میں سب سے بڑی غلطی یہی ہے جس نے موجودہ زمانہ میں اسلامی دعوت کے مواقع تباہ کررہے ہیں۔