Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
10مئی1998
1947سے پہلے جب ہندوستان میں ملک کے بٹوارہ کی تحریک چل رہی تھی تو اکثر یہ سوال کیا جاتا تھا کہ اگر ملک تقسیم ہوا اور پاکستان بن گیا تب بھی مسلمانوں کی بہت بڑی تعداد ہندوستان (بھارت) میں رہ جائے گی۔ پھر اس کا تحفظ کس طرح ہوگا۔ اس کا جواب میں تقسیم کی تحریک کے قائد مسٹر محمد علی جناح کہتے تھے کہ بھارت کی سرحد پر ایک مضبوط مسلم ملک پاکستان کا وجود بھارتی مسلمانوں کے تحفظ کی کافی ضمانت ہوگا۔ یہ ایک وکیلانہ جواب تھا۔ اس جواب میں یہ شعور شامل نہ تھا کہ بھارت کی سرحد پر بننے والا مسلم ملک جب اپنے کو طاقتور بنائے گا تو اس کے نتیجہ کے طور پر بھارت اپنے آپ کو طاقتور تر بنانے کی کوشش کرے گا۔ اور پھر دونوں ملکوں میں بہت بڑے پیمانہ پر ہتھیاروں کی دوڑ (Arms Race) شروع ہوجائے گی جوآخرکار دونوں قوموں کو تباہ و برباد کر دے گی۔