Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
21فروری1998
آل انڈیا ریڈیو پر روزانہ کنٹری یا ڈسکشن وغیرہ آتے رہتے ہیں۔ میں اکثر اس کے انگریزی پروگرام کو سنتا ہوں۔ مگر بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ اس میں کوئی فکری یا تخلیقی چیز ہے۔ بیشتر انگریزی پروگرام مجھے ایک قسم کی ذہنی ورزش (Intellectual Exercise) معلوم ہوتے ہیں۔
آج نو بجے رات کو شروع ہونے والے پروگرام میں دوڈسکشن ایک کے بعد ایک سنا۔ پہلے ڈسکشن میں دو سینئر انگریزی جرنلسٹ ملک کی تازہ سیاست پر بات کررہے تھے۔ اس دوران ایک نے دوسرے کے سوال کے جواب میں کہا کہ ہمیں سمجھنا چاہیے کہ ہم صرف ایک نئی صدی کے آغاز میں نہیں ہیں بلکہ ہم نئے ہزارے کے آغاز میں ہیں۔
اس کے بعد دوسرا پروگرام شروع ہوا تو اس میں جاپان کی ایک تعلیم یافتہ خاتون مسز ٹائیکو کروکاوا سے ایک ہندوستانی خاتون کی گفتگو آرہی تھی۔ ہندوستانی خاتون نے جاپانی خاتون سے کہا کہ آپ جانتی ہیں کہ ہم صرف ایک نئی صدی کے آغاز میں نہیں ہیں بلکہ ایک نئے ہزارے کے آغاز میں ہیں۔ اس سلسلہ میں آپ کیا کہنا چاہیں گی۔ کہ جاپانی خاتون نے جواب دیا کہ میں تو صرف آنے والی صدی کے بارے میں کچھ کہہ سکتی ہوں۔ ہزارے کا سبجیکٹ اس سے زیادہ بڑا ہے کہ میں اس کے بارے میں کچھ کہوں۔