Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
28جولائی1998
گریٹر کیلاش میں انٹلکچول فورم (نئی دہلی) کی میٹنگ ہوئی۔ میرے سوا اس میں حسب ذیل افراد شریک تھے،سوامی اگنی ویش، ڈاکٹر مہندرسنگھ مسٹر جان پال، ریورنڈواسن تھمپوڈ، ڈاکٹر مرچنٹ۔
جولائی کے مہینہ میں گجرات میں دوعیسائی اسکولوں پر حملے گئے گئے ہیں اور دفتروں کو نقصان پہنچایاگیا ہے۔ اخباری رپورٹ کے مطابق یہ تشدد بجرنگ دل اور بھاجپا کے ورکرس نے کیا۔ اس میٹنگ میں اس حادثہ پر گفتگو ہوئی اور اس کے خلاف ایک مشترک اخباری بیان جاری کیا گیا۔
اس طرح کی میٹنگیں دہلی میں اکثر ہوتی رہتی ہیں۔ میں ان میں شریک ہوتا ہوں۔ مگر کبھی کسی مسلمان کو ان میں نہیں دیکھا۔ مسلمانوں کے جلسے اور میٹنگیں ہمیشہ صرف مسلمانوں کے مسائل پر ہوتی ہیں۔ ملک اور قوم کے مسائل سے وہ اتنا زیادہ دور رہے ہیں جیسے کہ وہ ان کا کنسرن (Concern)ہی نہیں۔