Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
16جون1998
مئی1998میں انڈیا سے راجستھان میں پانچ ایٹمی دھماکے کئے۔ اس کے بعد اس مہینہ میں پاکستان نے بلوچستان میں چھ ایٹمی دھماکے کئے۔ پاکستان کے وزیرخارجہ توہر ایوب خاں کی ایک تقریر میں نے بی بی سی ریڈیو پر سنی۔ انہوں نے کہا کہ بھار ت کے پانچ کے مقابلہ میں چھ ایٹمی دھماکے کرکے پاکستان نے بھارت کے اوپر برتری حاصل کر لی ہے۔ پاکستان کے علماء اور دانشور آج کل اس قسم کی بولی بول رہے ہیںمگر میرے نزدیک یہ پاکستان کے لیے فخر کی بات نہیں ہے بلکہ شرم کی بات ہے۔ پاکستان اپنے آپ کو اسلام کا نمائندہ بتاتا ہے مگر اسلام ایک آئیڈیالوجی ہے۔ اس اعتبار سے اسلام کی عظمت اس کی نظریاتی برتری میں ہے۔ پاکستان کو چاہیے کہ وہ اپنے غیر مسلم پڑوسی سے اس قسم کی منفی محاذآرائی چھوڑے تاکہ دونوں کے درمیان تعلقات قائم ہوں۔ اسلام کی نظریاتی برتری کو صرف معتل اور خوشگوار فضا میں قائم کیا جاسکتا ہے نہ کہ نفرت اور عداوت کی فضا میں۔