Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
26جنوری1998
امریکہ میں ایک کتاب چھپی ہے اس کانام ہے خاموش طوفان (The Quiet Storm)اس کتاب کی مصنف ایک خاتون ہیں۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ ساری دنیا میں خاموش انداز میں ایک بہت بڑی تبدیلی آرہی ہے۔ وہ یہ کہ عورتیں گھر کے دائرے سے نکل کر باہر آرہی ہیں اور بہت جلد وہ زندگی کے ہر شعبوں میں مردوں کے برابر بلکہ مردوں سے بھی زیادہ جگہ حاصل کرلیں گی۔ یہ تبدیلی کھیل کود کی دنیا سے لے کر سیاست کی دنیا تک ہورہی ہے۔
ممکن ہے کہ یہ اندازہ درست ہو مگر اس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ دنیا میں کوئی نئی بہتر حالت قائم ہونے والی ہے۔ بلکہ یقین ہے کہ اگر ایسا ہوا تو وہ صرف حالات کو بگاڑنے کے ہم معنی ہوگی۔ اس کے نتیجہ میں فطرت کا قائم کردہ انتظام ٹوٹ جائے گا۔ اور قرآن کے مطابق فطری انتظام کے ٹوٹنے ہی کا نام فساد اور بگاڑ ہے۔ موجودہ زمانہ میں ماحولیات کا مسئلہ طبعی دنیا پر فطری توازن کے ٹوٹنے سے پیدا ہوا ہے۔ اس طرح خواتین کا نام نہاد طوفان معاشرتی نظام کے توازن کو توڑدے گا۔ جس کا نتیجہ تباہی کے سوا اور کچھ نہیں۔