Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
11دسمبر2000
سفر کے دوران جو تجربے ہوتے ہیں وہ کسی اور ذریعہ سے نہیں ہوسکتے۔ اور نہ کتابوں کے ذریعہ ان کا علم حاصل کیا جاسکتا ہے۔ مثلاً امریکہ کے سفر میں میں ایک صاحب کے یہاں چند دن ٹھہرا۔ وہ یہاں کے مسلمانوں میں ایک ممتاز شخص ہیں اور مسلمانوں کے درمیان جو کام ہوتے ہیں اس میں وہ آگے آگے رہتے ہیں۔ مثلاً اسکول، ایجوکیشنل ریفارم (اصلاح نصاب) مسجد اور اسلامک سینٹر کی تعمیر سوشلائزیشن، کانفرنس، میگزین اور اخبار کی اشاعت، مسلمانوں کے لیے ریلیف فنڈ، وغیرہ وغیرہ۔
اس قسم کے کام امریکہ میں بڑے پیمانہ پر کئے جاتے ہیں۔ اور اس طرح دوسرے ملکوں میں بھی۔ ان کاموں کے لیے میرے پاس صحیح لفظ نہیں تھا۔ ایک دن مذکورہ امریکی مسلمان نے بے تکلف گفتگو کے دوران کہا کہ کمیونٹی ایکٹیوسٹ (Community Activist)ہونے کی بناپر۔۔۔۔۔۔
اس کے بعد میری سمجھ میں آیا کہ مسلمانوں کے درمیان آج کل جو مختلف سرگرمیاں جاری ہیں ان کے لیے صحیح لفظ کیا ہے۔ یہ ہے کیونٹی ورک یا کمیونٹی ایکٹوزم۔ اور جو لوگ یہ کام کررہے ہوں ان کے لیے بہترین لفظ ہے کمیونٹی ایکٹیوسٹ۔
اس قسم کا کام آج کل ہر جگہ کے مسلمانوں میں بڑے پیمانے پر جاری ہے۔ میرے نزدیک نہ وہ اسلامی کام ہے اور نہ دعوتی کام۔ وہ صرف کمیونٹی ورک ہے۔ اگر میرا فہم درست ہے تو یہ ایک خالص دنیوی کام ہے جس کا آخرت سے کوئی تعلق نہیں۔