Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
28مئی2000
ایک صاحب نے گفتگو کے دوران کہا کہ عام طور پر یہ سمجھا جاتا ہے کہ امریکہ کی ترقی کا راز یہ ہے کہ وہاں مخصوص اسباب سے دنیا بھر کے اعلیٰ ذہن اکٹھا ہوگئے۔ یہی اعلیٰ ذہن امریکہ کی موجودہ ترقی کا اصل سبب ہیں۔
میں نے کہا کہ یہ بات بہت مشہور ہے مگر مجھے اس سے اتفاق نہیں۔ میں نے اس بار امریکہ کا سفر کیا ہے۔اس کے علاوہ امریکہ کے بارے میں بہت کچھ پڑھاہے۔ میرے نزدیک امریکہ کی ترقی کا سبب برترذہن نہیں۔ بلکہ برتر محنت ہے۔ میرے تجربہ کے مطابق امریکہ میں بھی ویسے ہی لوگ پائے جاتے ہیں جیسے لوگ ہندوستان اور پاکستان میں پائے جاتے ہیں۔ امریکہ کا اصل ایڈوانٹیج وہاں کا کھلا ہوا نظام ہے۔ اس نظام کے تحت ہر آدمی کو عمل کی مکمل آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے ان مصنوعی رکاوٹوں کو ختم کردیا ہے جو مثال کے طور پر ہندوستان میں پائے جاتے ہیں۔ ہر آدمی محسوس کرتا ہے کہ میںبلا روک ٹوک ترقی کا سفر کرتا ہوں۔ وہ اپنے گردوپیش بہترین انفراسٹرکچر پاتا ہے۔ وہاں اس کو نہ دفتروں کو رشوت دینا ہے اور نہ مصنوعی قوانین و ضوابط سے نپٹنا ہے۔ اور نہ اس کو غیر منظم درد انتظامیہ کا خطرہ ہے۔ اس کھلے ماحول کا نتیجہ ہے کہ وہاں ہر آدمی بے پناہ محنت کرتا ہے اس محنت نے وہاں کے ہر آدمی کو ہیرو بنادیا ہے نہ کہ اعلیٰ ذہانت نے۔