Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
12اپریل2000
حدیثوں کو سمجھنے کے لیے صرف یہ کافی نہیں ہے کہ کوئی آدمی عربی زبان جانتا ہو اور علم حدیث سے بھی واقفیت رکھتا ہو۔ اسی کے ساتھ ایک اور۔۔۔چیز بے حد ضروری ہے اور وہ ہے دعوتی ذہن اور دعوتی تجربات سے واقف ہونا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام حدیثیں اپنی حقیقت کے اعتبار سے داعی کے کلام اور داعی کے تجربات کی حیثیت رکھتی ہے۔ آپ نے23سال تک ایک مکمل دعوتی زندگی گذاری۔ اس دوران مختلف مواقع پر آپ کی زبان سے جو کلمات نکلے انہیں کا نام حدیث ہے۔ دوسرے لفظوں میں یہ کہ تمام حدیثیں دعوتی بیک گراؤنڈ سے تعلق رکھتی ہیں۔ یہ ایک اصول ہے کہ بیک گراؤنڈکو جانے بغیر کسی کلام کو سمجھانہیں جاسکتا۔ اسی طرح جو آدمی دعوتی احوال اور دعوتی بیک گراؤنڈ سے آشنا نہ ہو وہ احادیث رسول کو حقیقی طور پر سمجھ نہیں سکتا۔