Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
17جنوری2000
میں چھت کے اوپر ٹہل رہا تھا۔ ہر طرف کائناتی مناظر پھیلے ہوئے تھے۔ آسمان، سورج، درخت، اسی قسم کی کچھ چیزیں سامنے دکھائی دے رہی تھیں۔ اس کے بعد میں نے سوچا تو عالم تصور میں پورا نظام شمسی بلکہ ساری کائنات نظر آنے لگی۔
مجھے ایسا محسوس ہوا جیسے ہر طرف قدرت الہٰی کی داستان لکھی ہوئی ہے۔ اور اس کے پس منظر میں ہر طرف عجزانسانی کا خاموش اعلان کیا جارہا ہے۔ یہ دنیا شاید اسی لیے بنائی گئی ہے کہ آدمی اس کے آئینہ میں ایک طرف خدا کی قدرت کو دریافت کرے، اور دوسری طرف اسی کے اندر انسان کے عجز کو دریافت کرے۔ اس کے ذریعہ وہ خداکی کبریائی پہچانے اور دریافت کرے۔ وہ خدا کو بھی پہچان لے اور اپنے آپ کو بھی۔ مگر شاید پوری تاریخ میں تھوڑے سے لوگ نظر آئیں گے جنہوں نے اس خاموش اعلان کو سناہو اور اسی کو اپنی چشم بصیرت سے دیکھا ہو۔