Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
23جون2000
حضرت عمر فاروق کے بارے میں کہا گیا ہے کہ وہ ہر ایک سے کچھ سیکھتے تھے (کان یتعلم من کل احد) ایسا کیوں کر ہوتا تھا۔ اور حضرت عمر کس طرح ہر ملنے والے سے کچھ نہ کچھ سیکھ لیتے تھے۔ اس کا جواب مجھے کسی عربی یا غیر عربی کتاب میںنہیں ملا۔ اس کے بعد ایک تجربہ گزرا جس سے میں نے اس راز کو سمجھا۔
مولانا محمد میاں (سابق ناظم جمعیۃ علماء ہند) کے بڑے لڑکے حامد میاں ہندوستان چھوڑکر جرمنی چلے گئے۔ وہاں انہوں نے ایک جرمن خاتون سے شادی کرلی اور وہاں کے شہری بن گئے۔ ایک بار وہ سیاحت کے لیے اسپین گئے۔ اور وہاں مسلم دور کے آثار کو دیکھا۔ اس کے بعد وہ دہلی آئے۔ ان کی میری ملاقات ہمدرد انسٹی ٹیوٹ (تغلق آباد) میں ہوئی۔ ایک گھنٹہ کی معلومات کے دوران میں ان سے مسلسل سوالات کرتارہا۔ وہ میرے سوالات کے جواب میں اسپین کے بارے میں بتاتے رہے۔ آخر میں میں نے کہا کہ آج میں نے آپ سے بہت سی معلومات حاصل کیں۔ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے کیوں کہ اگر آپ سوالات نہ کرتے تو میں خود سے کچھ بتانہیں سکتا تھا۔