Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
22مارچ2000
محمد راشد جمال صاحب (پیدائش1980) سے ملاقات ہوئی۔ وہ جامعہ ملیہ اسلامیہ نئی دہلی میں طالب علم ہیں۔ ان کے والد مولانا مفتی مسروراحمد قاسمی صاحب ہیں۔ انہوں نے اپنے والد صاحب کا ایک سبق آموزواقعہ بتایا۔
انہوں نے بتایا کہ دریاگنج کی ایک مسجد میں ایک روز دومسلمان تیز تیز بحث کررہے تھے۔ ان کے والد صاحب ان مسلمانوں کے قریب گئے اور پوچھا کہ آپ لوگ کس موضوع پر بحث کررہے ہیں۔ معلوم ہوا کہ وہ قرآن کی ایک آیت پر بحث کررہے تھے۔ دونوںمیں ایک مختلف انداز میں اس کی تفسیر کررہا تھا۔ ان کے والد صاحب نے دونوں سے پوچھا کہ آپ لوگ کیا کام کرتے ہیں؟ ایک نے بتایا کہ میں بڑھئی ہوں۔ دوسرے نے بتایا کہ میری پرچون کی دکان ہے۔ یہ دونوں زیادہ تعلیم یافتہ نہیں تھے۔ ان کے والد صاحب نے ان لوگوں سے کہا کہ آپ دونوںاگر ایک دوسرے کو اپنے ہنر اور اپنی تجارت کے بارے میں بتاتے تووہ دونوں کے لیے مفید ہوتا۔ جہاں تک قرآن کی آیت کا تعلق ہے اس کے لیے زیادہ بہتر یہ تھا کہ آپ دونوں کسی مستند عالم سے اس کا مطلب پوچھیں نہ کہ بے علمی کے باوجود اس پر بحث کرنے لگیں۔