Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
16فروری2000
قرآن میں اور حدیث میں دعا کی بے حد اہمیت بتائی گئی ہے۔ مگر اکثر لوگ، حتیٰ کہ علماء بھی، دعا کا مطلب یہ سمجھتے ہیں کہ کتابوں میں لکھی ہوئی دعا ۔۔۔۔ کو یاد کرلیں اور اس کو دہراتے رہیں۔ تبلیغی جماعت نے ایک قدم اور آگے بڑھ کر دعا کو تقریر بنا دیا ہے۔ میرے نزدیک یہ دعا کی تصفیر ہے۔ دعا دراصل روح کی گہرائیوں سے نکلنے والے احساسات کا نام ہے۔ حقیقی دعا یہ ہے کہ اللہ کی یاد انسان کو تڑپائے اور اس کی یہ تڑپ الفاظ میں ڈھل کر زبان سے نکلنے لگے۔ مجھے خدا کے فضل سے تقریباً روزانہ ہی اس قسم کی دعا کی توفیق ملی ہے۔ آج دن کو جب کہ میں وضو کررہا تھا، میرے دل میں دعا والے احساسات ابھرے اور بیتابی کے ساتھ یہ الفاظ میری زبان سے نکلنے لگے: خدایا مجھے انتہائی بامعنی کائنات پیدا کرنے کی قسم، تو مجھے اس سے بچا کہ میری زندگی ایک بے معنی انجام پر ختم ہو۔