Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
1نومبر 2010
قرآن کی سورہ المومن میں ـ’’رجل مومن ‘‘ (آیت نمبر28)کا ذکر ہے ۔ میں نے ڈاکٹر فریدہ خانم سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک آدمی کی بات نہیں ہے، بلکہ اُس سے فطرت کا ایک قانون معلوم ہوتا ہے ۔ اِس دنیا میں اکثر ایسا ہوتا ہے کہ کسی ایک آدمی کے ذریعے تائیدی رول کروایا جاتا ہے ۔ میں نے اپنی زندگی کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ میری زندگی میں باربار ایسا کوئی فرد آیا ہے اور اُس نے کسی خاص موقع پر میری مدد کی ہے ۔ یہ سلسلہ میر ے آبائی گائوں(بڈھیریا )سے شروع ہوا اور آج تک جاری ہے ۔ میں اکثر اپنی تنہائیوں میں ایسے افراد کے بارے میں سوچتا رہتا ہوں ۔ اِس طرح اِن افراد کی یاد کو اپنے ذہن میں تازہ رکھتا ہوں ۔ میرا تجربہ ہے کہ یہی معاملہ اکثر لوگوں کے ساتھ پیش آتا ہے ۔ اکثر لوگوں کی زندگی میں یہی ہوتا ہے کہ کوئی فرد آکر اُن کا کاکم بنا دیتا ہے ۔ حضرت موسیٰ اور حضرت یوسف کے ساتھ ایسا ہی معاملہ پیش آیا۔ خود پیغمبر اسلا م کی زندگی اِ س قانون فطرت کی ایک مثال ہے ۔