Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
19اگست 2010
دہلی کی ایک تعلیم یافتہ ہندو خاتون اُوشا مہاجن کبھی کبھی میری لڑکی فریدہ خانم سے ملنے کے لیے آتی ہیں ۔ آج وہ آئیں تو مجھ سے بھی ملیں ۔ وہ اسلام سے متاثر ہیں ، لیکن اپنا سارا وقت فیملی میں اور کھانے پینے میں گزار دیا۔ میں نے ان کو نصیحت کرتے ہوئے کہا -آپ کو خدا نے اعلیٰ صلاحیت دی ہے ، لیکن آپ اپنی صلاحیت کا کم تر استعمال کر رہی ہیں ۔ آپ اپنی زندگی کو با مقصد بنائیے ،اپنے آپ کو پھر سے دریافت کیجئے ۔ اِس کےساتھ میں نے مشورہ دیا کہ آپ ایک ڈائری رکھیں اور اُس میں روزانہ اپنا کوئی تجربہ لکھیں ۔ آج کے صفحہ پر آپ یہ لکھیے کہ مجھے اپنے آپ کو پھر سے دریافت کرنا ہے ۔ مجھے اپنی زندگی کی پھر سے پلاننگ کرنا ہے ۔ انھوں نے وعدہ کیا کہ وہ آج سے ایسا ہی کریں گی ۔ اُن کو پڑھنے کے لیے کچھ اسلامی پمفلٹ دئے گئے ۔ انھوں نے کہا کہ اب تک کسی نے مجھےاِس طرح سمجھایا نہیںتھا۔ میرے دوست اور رشتے دار اکثر میرے یہاں آتے ہیں ، صرف اِس لیے کہ میرے بارے میں مشہور ہے کہ میں اچھا کھانا پکاتی ہوں ۔ وہ میرے یہاں کھاتے پیتے ہیں اور تعریف کر کےچلے جاتے ہیں ۔ میںنے کہا کہ آپ آج سے یہ بھی فیصلہ کر یں کہ آپ کو کچن میں نہیں جانا ہے ۔ آپ کے یہاں جو لڑکی کام کرتی ہے ، وہی جو چاہے پکائے اور جو چاہے نہ پکائے ۔ انھوں نے اِس بات کو بھی مانا۔ انھوں نے اپنی عمر 52سال بتائی۔