Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
1فروری 2010
میرے چھوٹے بھائی عبد المحیط خاں آج کل علی گڑھ میں رہتے تھے ۔ 31جنوری 2010کی صبح ان کا انتقال ہو گیا۔ وہ عرصہ سے بیمار تھے۔ ان کی عمر غالباً مجھ سے دس سال کم تھی ۔ میری فیملی میں وہ ان چند لوگوں میں سے تھے جنھوں نے میرے مشن میں میرا ساتھ دیا ۔ انھوںنے بنارس ہندو یو نیورسٹی سے الکٹریکل انجنئیرنگ کی ڈگری لی تھی ۔ اس کے بعد وہ گورنمنٹ سروس میں رہے ۔ وہ ماہنامہ الرسالہ پابندی سے پڑھتے تھے ۔ اور اس کو پھیلانے کی کوشش کرتے تھے۔
عبد المحیط خاں بالکل میرے والد کی طرح تھے۔وہ والد کے بہت زیادہ مشابہہ تھے۔ میرے واالد فرید الدین خاں کا انتقال 29دسمبر کو ہواتھا۔ عبد المحیط خاں کا انتقال 31جنوری 2010کو ہوا۔
ذہنی صلاحیت کے اعتبار سے وہ میتھمٹکس میں بہت کامیاب تھےلیکن تعلیم کے بعد وہ ایڈمنسٹریشن میں چلے گئے ۔ چوکہ وہ کرپٹ نہیں تھے اس وجہ سے وہ ہمیشہ پریشان رہے ۔ جن لوگوں کو ان کی وجہ سے رشوت لینے کا موقع نہیں ملتا تھا وہ ان کو طرح طرح پریشان کرتے تھے۔ اس بنا پرسروس میں ان کو زیادہ ترقی نہیں ہوئی ۔