Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
6مئی 2010
میری لڑکی ڈاکٹر فرید ہ کو عام طور پر مشن کے لوگ آپا کہتےہیں ۔ وہ ڈبل ایم اے ہیں ۔چناںچہ میں اُن سے فکری ایکسجینج کرتا ہوں۔آج میں نے ان کے سامنے ایک سوال رکھا کہ قرآن کے مطابق، آدم ایک پیغمبر تھے (ال عمرا ن :33) ۔ لیکن لوگوں کے اندر ان کا پیغمبرانہ کام کیا تھا، یہ قرآن اور حدیث سے صراحتاً معلوم نہیں ہوتا۔ انھوں نے کہا کہ آدم تو پہلے انسان تھے ۔ ان کے زمانے میں آج کی طرح کوئی انسانی آبادی موجود ہی نہ تھی ، صرف ان کے بچے تھے ۔ اپنے بچوں کو تعلیم دیتے ہوں گے ۔ اِ س جواب کے بعد مجھے قرآن کی وہ آیت یاد آئی جس میں بتایا گیا ہے کہ آدم کے بیٹے ہابیل نے اپنے بڑے بھائی قابیل سے کہا تھا : لئن بسطت إلي يدك لتقتلني ، ما أنا بباسط يدي إليك لأقتلك ( المائدة : ٢٨ ) .
ہابیل کے اِس قول میں دو اعلیٰ اصول ملتے ہیں -ایک خوفِ خدا، اور دوسرا طرفہ عدم تشدد ۔ ظاہر ہے کہ یہ دونوں باتیں ہابیل کو آدم سے ملی تھیں ۔ اِس پر قیاس کر کے کہا جاسکتا ہے کہ آدم اپنی اولاد کے درمیان دعوت و تربیت کا کام کر تے ہوں گے ۔