Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
2جون 2010
حبیب بھائی (حیدر آباد ) سے ٹیلی فون پر بات ہوئی ۔ میںنے کہا کہ میں آپ کہ دو نکاتی فارمولا بتاتا ہوں ۔ آپ آج ہی سے اُس پر عمل شروع کر دیجئے ۔ اول یہ کہ آپ کے پاس جو لوگ آتے ہیں ، اُن میں آپ کے بیان کے مطابق، کئی لوگ فضول بحثیں کرتے ہیں ۔ مثلاً اہل قرآن یا احمدی فرقے کے لو گ یا اہل بدعت ۔ جیسا کہ میرا اندازہ ہے ، یہ سب لوگ کم تعلیم یافتہ ہوتے ہیں ۔ آپ اِن لوگوں سے بات کرنا چھوڑ دیجئے ۔ آپ صرف اُن لوگوں سے بات کیجئے جو آ پ سے سینئر ہیں ، جن کا علم او ر تجربہ آپ سے زیادہ ہے ۔ اِس سے آپ کا ذہنی ارتقا ہوگا۔
ان کو دوسرا مشورہ میں نے یہ دیا کہ آپ اپنی پراپرٹی کے معاملات کو مکمل طور پر اپنے بیٹے مسٹر احمد کے حوالے کر دیجئے ۔ ان سے کہہ دیجئے کہ اب نقصان ہو یا فائدہ ، میں اس سے الگ رہوں گا، اب صرف تم کو تنہا ہی سنبھالنا ہے ۔
میں نے کہا کہ زندگی بہت تھوڑی ہے ۔ آپ اِس قسم کی چیزوں میں اپنی عمر کا بڑا حصہ ضائع کر چکے ۔ اب آئندہ آپ ایسا نہ کریں ۔میں نے مزید کہا کہ آپ آج ہی سے میرے مشورے پر عمل شروع کر دیجئے ۔ آپ ہر گز کل کا انتظار نہ کیجئے۔