Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
20مارچ 2010
امریکی سفارت خانے کی ایک خاتون ممبر مزشیبا عابدی ملاقات کے لیے آئیں۔ ان سے گفتگو کے دوران میں نے کہا کہ امریکا مسلم عسکریت کے خلاف جو کچھ کر رہا ہے ، اس میں وہ کامیاب ہونے والا نہیں ۔ موجود ہ مسلم عسکریت ایک آئڈیالوجی پر قائم ہے۔ جب تک آپ کے ذہن سے اِس آئڈیا لوجی کو ختم نہ کریں ، مسلم عسکریت کا خاتمہ ہونے والا نہیں۔
میںنے کہا کہ اِس سے پہلے امریکا کو کمیونسٹ مسکریت کا سامنا تھا۔ امریکا نے اس کے خلاف جوابی عسکریت نہیں دکھائی ، بلکہ جوابی آئڈیالوجی کے ذریعے اس کا مقابلہ کیا۔ یہ مقابلہ کامیاب رہا ۔ مثال کے طور پر امریکا کی مدد سے میلووان جیلاس (Milovan Djilas)کی کتاب نیو کلاس (New Class)کی اشاعت ۔ یہ کتاب مختلف عالمی زبانوں میں چھاپی گئی ۔ یہ کتاب اتنی موثر ثابت ہوئی کہ امریکی میگزین ریڈڈائجسٹ نے اس کا تعارف اِس عنوا ن کے ساتھ کیا :
The book that is shaping the communist world.
اِس ملاقات کے وقت ہماری ٹیم سے کئی اور افراد بھی موجود تھے ۔ ان کو راقم الحروف کی کتاب (The Prophet of Peace)مطالعے کے لے دی گئی ۔ میں نے مذکورہ خاتون سے کہا کہ یہ کتاب مسلم عسکریت کے خلاف ایک ایٹم بم کی حیثیت رکھتی ہے ۔ اگر امریکا اِس کتاب کو مسلمانوں کے درمیان پھیلا دے تو یقینی طور پر مسلم عسکریت کا خاتمہ ہو جائے گا ۔