Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
13اگست 2010
دھام پور سے مہتاب صاحب کا ٹیلی فون آیا۔ وہ ہمارے مشن سے جڑے ہوئے ہیں ۔ وہ کبھی کبھی دھام پور سے دہلی اپنی موٹر سائیکل پر آتے تھے ، تاکہ ہمارے اتوار کے پروگرام میں شریک ہو سکیں ۔ وہ اکثر لیٹ ہو جاتے تھے ۔ میں نے ان سے کہا کہ آپ اتنی دور سے آتے ہیں اور اکثر دیر میں پہنچتے ہیں ۔ اِس لیے اچھا یہ ہے کہ آپ کمپیوٹر سیکھ لیجئے پھر آپ دھام پور میں رہتے ہوئے میرا لکچر سن سکتے ہیں ، کیون کہ وہ نیٹ پر موجود رہتا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ میں کمپیوٹر بالکل نہیں جانتا ۔ میں نے کہا کہ جو لوگ کمپیوٹر جانتے ہیں ، وہ بھی پہلے آپ ہی کی طرح تھے ۔ انھوں نے سیکھ کر جانا، آپ بھی سیکھ کا جان لیجئے ۔ اِس کے بعد انھوں نے ایک کمپیوٹر خریدا اور سیکھنا شروع کر دیا۔ آج ان کا ٹیلی فون آیا کہ میں نے کمپیوٹر سیکھ لیا ہے اور اب میں ہر اتوار کو آپ کا لکچر دھام پور میں سنتا ہوں ۔ انھوں نے بتایا کہ کمپیوٹر سیکھنے میں مجھ کو ڈیڑھ مہینہ لگا۔