Badges mark quoted or attributed material (Qur'an, hadith, another author, an opposing view). Unbadged passages are Maulana Wahiduddin Khan's own words.
پیغمبر کا طریقہ p. 179
حضرت ابوہریرہؓ کی ایک روایت ہے جس کو صحیح بخاری میں تین باب کے تحت نقل کیا گیا ہے۔ یہ روایت بتاتی ہے کہ طفیل بن عمرو الدوسی مکی دور میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے۔ انھوں نے آپ کا پیغام سنا۔ ان پر اتنا گہرا اثر ہوا کہ اسی وقت وہ آپ کے ہاتھ پر بیعت کر کے اسلام میں داخل ہو گئے ۔ اس کے بعد آپ نے ان سے کہا کہ تم اپنے قبیلہ میں واپس جاؤ اور لوگوں کو دین توحید کی طرف بلاؤ۔ وہ اپنے قبیلہ کی طرف واپس گئے اور ان کو دعوت دینا شروع کیا۔ p. 180original + quote
ان کی ساری کوششں کے باوجود صرف دو آدمی اسلام میں داخل ہوئے۔ ایک ان کے والد، اور دوسرے ابوہریرہ، جو اسی قبیلہ دوس سے تعلق رکھتے تھے۔ قبیلہ کی اکثریت ان کے خلاف ہو گئی اور طرح طرح سے ان کو ستانا شروع کیا۔ مدنی دور میں طفیل بن عمر الدوسی دوبارہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے اور کہا کہ دوس کا قبیلہ سرکش ہو گیا ہے۔ اس نے توحید کی دعوت کو ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ اس لیے آپ ان کے خلاف بددعا کیجئے۔ (فَادْعُ اللهَ عَلَيْهِمْ) مسند أحمد،حدیث نمبر 7315۔ p. 180original + quote
روایت میں آتا ہے کہ اس کو سن کر لوگوں نے گمان کیا کہ اب آپ قبیلہ کے خلاف بددعا کریں گے (فتح الباری 11/199 ) دوسری روایت میں ہے کہ لوگ کہنے لگے کہ اب قبیلہ دوس ہلاک ہو گیا (فتح الباری 6/166 ) مگر آپ نے دعا کے لیے ہاتھ اٹھایا تو آپ کی زبان سے یہ دعائیہ لفظ نکلا: اللهُمَّ اهْدِ دَوْسًا وَائْتِ بِهِمْ(مسند أحمد،حدیث نمبر 7315 )۔قبیلہ دوس کو ہدایت دے اور ان کو مجھ سے ملا دے (7/704) جلد ہی بعد قبیلۂ دوس کا حاکم حبیب بن عمرو اور دوسرے تمام لوگ دعوت توحید سے متاثر ہوئے اور اسلام میں داخل ہو گئے۔ p. 180original + quote
اس واقعہ میں ایک سوچ پیغمبر کی ہے اور دوسری سوچ عام آدمی کی۔ عام آدمی نے صرف ظاہر کو جانا۔ وہ قبیلہ کے صرف وقتی ردعمل کو دیکھ سکا۔ چنانچہ اس نے قبیلہ کو گمراہ سمجھ کر اس کو ہلاکت کا مستحق قرار دے دیا۔ مگر پیغمبر کی بصیرت نے انسانی افکار سے اوپر اٹھ کر خدائی توفیق کو دیکھا۔ اس کو نظر آیا کہ خدا اس کا منتظر ہے کہ دعا کرنے والے قبیلہ کے حق میں دعا کریں اور وہ اپنے بندوں کے لیے ہدایت کے دروازے کھول دے۔ تجربہ نے بتایا کہ عام آدمی کا اندازہ غلط تھا اور پیغمبر کا اندازہ نہایت صحیح اور درست۔ p. 180
یہ واقعہ پیغمبر خدا کی ایک سنت کو بتاتا ہے__ ناامیدی کے حالات میں بھی امید کے اوپر قائم رہنا۔ p. 181